لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ خون عطیہ کرنے والے افراد صرف کسی ایک فرد یا خاندان کے نہیں، بلکہ پورے معاشرے کے محسن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خون کا ہر قطرہ قیمتی ہے جو کسی ضرورت مند کے لیے زندگی کا پیغام ثابت ہو سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل بلڈ ڈونر ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اس نیک عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
مریم نواز نے کہا کہ خون کی محفوظ منتقلی سے ہر سال لاکھوں قیمتی جانیں بچائی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے بروقت اور محفوظ خون کی فراہمی کے لیے مربوط نظام تشکیل دیا ہے، اور صوبے کو پاکستان کا پہلا باقاعدہ ورچوئل بلڈ بینک قائم کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شہری ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے 4 کا بٹن دبا کر ورچوئل بلڈ بینک سے رابطہ کر سکتے ہیں، جبکہ سیف سٹی کی ویب سائٹ یا قریبی پولیس خدمت مرکز پر جا کر خون عطیہ کرنے کے لیے خود کو رجسٹر بھی کروا سکتے ہیں۔