گڈانی : دنیا بھر میں جاری فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کا سحر پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں بھی سر چڑھ کر بولنے لگا ہے۔ گڈانی کے باصلاحیت نوجوانوں نے اپنی منفرد تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساحلِ سمندر کی ریت پر فٹبال ورلڈ کپ کا میلہ سجا دیا۔
نوجوانوں نے ساحل کی ریت پر انتہائی مہارت کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ کی عالمی ٹرافی اور ورلڈ کپ 2026 کا آفیشل لوگو نقش کیا ہے، جو اس وقت ساحل پر آنے والے سیاحوں کی توجہ کا خاص مرکز بنا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں فٹبال کا جنون ہمیشہ سے عروج پر رہا ہے۔ نوجوانوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے فٹبال سے اپنی محبت کے اظہار اور دنیا کو بلوچستان کا مثبت و خوبصورت چہرہ دکھانے کے لیے یہ ریتلا شاہکار (Sand Art) تخلیق کیا ہے، جسے سوشل میڈیا پر بھی خوب سراہا جا رہا ہے۔