کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فواد احمدکا گیند لگنے سے دانت ٹو ٹ گیا

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فواد احمدکا گیند لگنے سے دانت ٹو ٹ گیا

کراچی :گزشتہ روز کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل فور کے کوالیفائر ون کے میچ میں پشاور زلمی کے اوپنر امام الحق کی زوردار شاٹ سے زخمی ہونے والے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیگ سپنر فواد احمد کا ایک دانت ٹوٹا ہے اور وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

تفصیلات کے مطابق 36سالہ فوا د احمد پشاور زلمی کے خلاف کوالیفائر میچ کے دوران امام الحق کی ریٹرن شاٹ کیچ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے منہ پر گیند لگنے سے زخمی ہوئے جس کے بعد انہیں فوری طور پر آغا خان ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

خیال رہے کہ پاکستان سپرلیگ کے کوالیفائنگ راﺅنڈ کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 10رنز سے شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے187رنز کے ہد ف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے41رنز جوڑے جس کے بعد کامران اکمل 22رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے،صہیب مقصود صرف7رنز کے مہمان ثابت ہوئے ،لیام ڈاسن5رنز بنا کر احسن علی کا شکار بنے جبکہ رائلی روسوو نے23رنز پر امام الحق کی اننگز تمام کی،محمد حسنین نے 18رنز بنا نے والے مصباح الحق کو ایل بی ڈبلیو آﺅٹ کیا.

90 پر نصف ٹیم پویلین لوٹ جانے کے بعد بظاہر گلیڈی ایٹرز کی کامیابی آسان دکھائی دے رہی تھی لیکن اس موقع پر کپتان سیمی اور پولارڈ نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 83 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے جیت کی امید پیدا کی، آخری اوور میں جب زلمی کو 21 رنز درکار تھے توایک سال بعد ٹی ٹونٹی میں پہلا اوور کرانے والے شین واٹسن نے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے نہ صرف خطرناک بیٹسمین پولارڈ کو بولڈ کیا بلکہ صرف 10 رنز دے کر ٹیم کو فتح دلا دی۔

اس سے قبل پشاور زلمی نے ٹاس جیت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن اور احمد شہزاد نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو سرفراز الیون کی پہلی وکٹ تین کے مجموعی سکور پر گری جب ملز نے احمد شہزاد کو بولڈ کیا، بعد ازاں واٹسن نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 4 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 30 گیندوں پر 45ویں ٹونٹی ٹونٹی نصف سنچری سکور کی۔


واٹسن نے احسن علی کے ساتھ ملکر دوسری وکٹ کے لیے 111رنز جوڑے جس کے بعد واٹسن71رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہوئے،احسن علی اپنی نصف سنچری مکمل نہ کر پائے اور46رنز بنا کر ثمین گل کا شکار بن گئے ،رائلی روسوو11رنز بنا کر پولارڈ کا شکار بن گئے ،عمر اکمل22رنز بنا کر وہاب ریاض کی دوسری وکٹ بنے،سرفراز احمد12رنز بنا کر حسن علی کی پہلی وکٹ بنے، براوو 12 اور محمد نواز 2 رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے۔


پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے 2، حسن علی، ملز، پولارڈ اور ثمین گل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل ٹاس کے موقع پر گلیڈی ایٹرز کے خلاف سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بیٹنگ پچ کو دیکھتے ہوئے 180 رنز کا ہدف دینے کی کوشش کریں گے جب کہ زلمی کے کپتان نے کہا کہ گلیڈی ایٹرز کو 170 رنز تک محدود رکھنے کا منصوبہ بنایا ہے۔