واشنگٹن / تل ابیب: امریکہ نے ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے اپنے جدید ترین بی-2 (B-2) اسٹیلتھ بمبار طیارے خطے کی جانب روانہ کر دیے ہیں۔ امریکی سینٹکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایرانی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا کر اس کی دفاعی اور جوابی حملے کی صلاحیت کو ختم کرنا ہے۔
اس کے ساتھ ہی وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق، امریکہ نے مشرقِ وسطیٰ میں اپنی فوجی موجودگی کو مضبوط کرنے کے لیے 5 ہزار میرینز اور مزید جنگی بحری جہاز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسرائیل کے دفاع کو فول پروف بنانے کے لیے جنوبی کوریا سے جدید ترین دفاعی نظام "تھاڈ" (THAAD) بھی اسرائیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب، اسرائیل نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایران سے وابستہ 200 سے زائد اہداف پر شدید بمباری کا دعویٰ کیا ہے، جس میں اسلحہ کے گوداموں اور فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔