یروشلم/تہران :ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی ایک نئے اور خطرناک مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔ ایرانی افواج نے اسرائیل کے قلب اور خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات پر میزائلوں اور ڈرونز کی نئی لہر سے حملہ کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں تل ابیب سمیت کئی شہروں میں بھاری جانی و مالی نقصان کی اطلاعات ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی میزائل حملوں کے بعد اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں کم از کم 20 زوردار دھماکے سنے گئے۔حملوں کے نتیجے میں شہر کے متعدد مقامات پر خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ اسرائیل کے وسطی علاقوں میں میزائلوں کا ملبہ گرنے سے عمارتوں اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
اسرائیل کے کئی دیگر شہروں سے بھی بڑے پیمانے پر تباہی اور بھاری نقصان کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ایران کے پاسدارانِ انقلاب (IRGC) نے باقاعدہ اعلان کیا ہے کہ انہوں نے خلیجی ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈوں پر حملوں کی ایک نئی لہر شروع کر دی ہے۔
ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ کارروائی کے دوران جدید ٹیکنالوجی سے لیس 6 امریکی ڈرونز کو مار گرایا گیا ہے۔
خطے میں بڑھتی ہوئی اس کشیدگی کے اثرات پڑوسی ممالک پر بھی پڑ رہے ہیں۔ کویت نیشنل گارڈ نے اپنی حدود میں ایک اہم تنصیب کی جانب بڑھتے ہوئے مشکوک ڈرون کو فضا میں ہی تباہ کر دیا، جس کے بعد پورے ملک میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔