اسلام آباد: پاکستان ٹینس فیڈریشن نے ایشیا انڈر 12 ٹیم مقابلوں اور ایشیا ریجنل کوالیفائنگ ایونٹ کے لیے پاکستان کے بوائز اور گرلز اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ ایونٹ 11 سے 18 اپریل 2026 تک نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں منعقد ہوگا۔
قومی ٹیم کے انتخاب کے لیے ٹرائلز 9 سے 11 مارچ 2026 تک اسلام آباد میں پاکستان ٹینس فیڈریشن ٹینس کمپلیکس میں منعقد کیے گئے، جن میں کھلاڑیوں کا انتخاب قومی رینکنگ اور حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا۔
ٹرائلز میں آٹھ لڑکوں اور پانچ لڑکیوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ بوائز ٹیم میں محمد ایان، محمد فیضان اور مصطفیٰ عزیر رانا کو منتخب کیا گیا جبکہ ایم ابراہیم حسین گل کو ریزرو کھلاڑی کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
اسی طرح گرلز ٹیم میں شہنور عمر، شہرین عمر اور وجیہہ فاطمہ کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے جبکہ دعا یوسف قریشی کو ریزرو پلیئر رکھا گیا ہے۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اور سیکرٹری جنرل نے منتخب کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے آئندہ ایونٹ میں کامیابی اور بہترین کارکردگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔