پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے فوجی عدالت سے سزا پانے والے تین ملزمان کی اپیلیں خارج کرتے ہوئے ان کی سزاؤں کو برقرار رکھا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملٹری کورٹ نے قانونی تقاضے مکمل کیے، اور ملزمان کو صفائی کا مکمل موقع فراہم کیا گیا۔
دو رکنی بینچ، جسٹس صاحبزادہ اسداللہ اور جسٹس فضل سبحان پر مشتمل تھا، جس نے اپیلوں پر تفصیلی سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے دورانِ سماعت مؤقف اپنایا کہ مجرمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور انہوں نے مجسٹریٹ کے سامنے اعترافِ جرم بھی کیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ فوجی عدالت کے فیصلے قانون کے مطابق ہیں، اور کسی قسم کی قانونی یا اصولی خلاف ورزی ثابت نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ ملٹری کورٹ نے ایک ملزم کو عمر قید، دوسرے کو 20 سال اور تیسرے کو 16 سال قید کی سزا سنائی تھی۔