بارکھان :بلوچستان کے ضلع بارکھان میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر ایک موثر آپریشن انجام دیا، جس کے نتیجے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، جبکہ مادرِ وطن کا دفاع کرتے ہوئے پاک فوج کے ایک میجر سمیت 5 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، یہ کارروائی 'فتنہ الخوارج' سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف کی گئی جو علاقے میں تخریب کاری کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان ہونے والے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 خوارجی جہنم واصل ہوئے، جن کے قبضے سے بھاری تعداد میں خودکار اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔
دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کے ایک میجر اور چار جوانوں نے اپنی جانیں قربان کر دیں۔ سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ ان قربانیوں سے دہشت گردی کے خلاف عزم مزید مضبوط ہوا ہے اور خون کے آخری قطرے تک دشمن کا پیچھا کیا جائے گا۔
واقعے کے فوراً بعد صدرِ مملکت، وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ نے شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔ صدرِ مملکت کا کہنا ہے کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کے فتنے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک جنگ جاری رہے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ شہداء ہمارا اثاثہ ہیں، ان کے خون کا حساب دہشت گردوں سے لیا جائے گا۔