بیجنگ:چین کے صدر شی جن پنگ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعزاز میں بیجنگ میں ایک عالیشان اسٹیٹ ڈنر کا اہتمام کیا، جس میں امریکی وفد سمیت دونوں ممالک کی نامور کاروباری شخصیات اور عالمی اثر و رسوخ رکھنے والے قائدین نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چینی صدر شی جن پنگ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ چین کو تاریخی قرار دیا۔ نہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کو بیجنگ میں خوش آمدید کہنا ان کے لیے مسرت کا باعث ہے۔ صدر شی کا کہنا تھا کہ امریکی اور چینی عوام کے درمیان تعلقات کی جڑیں بہت گہری ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ایک پائیدار رشتہ موجود ہے۔
صدر شی جن پنگ نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ صدر ٹرمپ اور ان کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا ہے۔ انہوں نے تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کی مخالفت کرنے کے بجائے باہمی تعاون کی راہ اپنانی چاہیے۔ چین اور امریکہ کو ایک دوسرے کی کامیابی کے لیے مددگار ثابت ہونا چاہیے۔ دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک دوسرے کا ساتھ دیں گے۔
اسٹیٹ ڈنر میں نامور کاروباری شخصیات کی موجودگی کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے، جو دونوں عالمی طاقتوں کے درمیان مضبوط معاشی اور تجارتی روابط کی علامت ہے۔ صدر شی نے واضح کیا کہ حریف بننے کے بجائے شراکت دار بننا ہی وقت کی ضرورت اور عالمی استحکام کی ضمانت ہے۔