سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم ملتان سلطانز کو خیر آباد کہہ کر کراچی کنگز کا حصہ بن گئے

سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم ملتان سلطانز کو خیر آباد کہہ کر کراچی کنگز کا حصہ بن گئے
کیپشن: فوٹو فائل

کراچی : سابق ٹیسٹ کرکٹر وسیم اکرم پی ایس ایل فرنچائز ملتان سلطانز کو خیرباد کہہ کر کراچی کنگز سے وابستہ ہوگئے۔

کراچی کنگز کے مالک  سلمان اقبال نے اپنے ٹویٹ میں لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم کو خوش آمدید کہتے ہوئے اعلان کیا کہ وسیم اکرم اب کراچی کنگز کا حصہ ہوں گے۔وسیم اکرم نے کراچی کنگز میں بطور ٹیم صدر شمولیت اختیار کی ہے۔ یا درہے کہ پی ایس ایل کے سیزن۴ کی تیاریاں عروج پر ہیں ۔ 

پاکستان کے مایہ ناز باؤلر وسیم اکرم 3 جون 1966ء کو لاہور میں پیدا ہوئے وہ بائیں ہاتھ سے باؤلنگ کرنیوالے دنیا کے بہترین باؤلر مانے جاتے ہیں، انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیرئیرکا آغاز25جنوری1985ء میں نیوزی لینڈ کیخلاف آکلینڈ میں کیا۔وسیم اکرم ون ڈے کرکٹ میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنیوالے کھلاڑی ہیں، انہوں نے 356 ون ڈے میچز میں 502 وکٹیں حاصل کیں جبکہ وہ 1984 سے 2003 تک 104 ٹیسٹ میچ سمیت 356 بین الاقوامی ون ڈے میچ کھیل چکے ہیں۔

وسیم اکرم کا شمار پاکستان کے بہترین فاسٹ باولرز میں بھی کیا جاتا ہے،وہ 1992 میں کرکٹ کا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم میں شامل رہے اور 1999 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی رہے۔وسیم اکرم 19برس تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد مئی 2003ء میں ریٹائرڈ ہوگئے تھے، وسیم اکرم ان دنوں ملکی و غیر ملکی سپورٹس چینلز پر کمنٹیٹر کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

وسیم اکرم نے شنیرا تھامسن سے 2013میں دوسری شادی کی تھی ، اس سے قبل سال 2009 میں وسیم اکرم کی پہلی اہلیہ بیماری کے باعث انتقال کرگئی تھیں جو کہ ان کے لیے ایک صدمہ تھا۔