Get Alerts

پاکستان کا سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

پاکستان کا سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

راولپنڈی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچز کی سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، جس میں میزبان ٹیم پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان نے سیریز کا پہلا میچ اپنے نام کیا تھا، اور اب دوسرے میچ کے لیے دونوں ٹیموں کے درمیان ایک دلچسپ مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ اس میچ کو کل سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ری شیڈول کیا گیا تھا، اور آج بھی میچ کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کے مطابق، راولپنڈی پولیس نے فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے اضافی اقدامات کیے ہیں۔ فیض آباد سے ڈبل روڈ ٹرن تک سٹیڈیم اور اس کے روٹ کے ارد گرد ہوٹلوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، ہوٹلوں اور ہاسٹلز کی تیکنیکی سوئپنگ کی جا چکی ہے اور رہائشیوں کی از سر نو تصدیق کی گئی ہے۔

دکانداروں اور فروٹ و اشیاء خورد و نوش کے ٹھیلوں پر بھی میچ کے اختتام تک پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاکہ سٹیڈیم کے ارد گرد کسی قسم کی غیر ضروری ہلچل نہ ہو۔ فیض آباد سے ڈبل روڈ ٹرن اور سٹیڈیم کے نواح میں ہوٹلوں اور عمارتوں کے مالکان اور رہائشیوں سے پابندی پر عملدرآمد کے بانڈز بھی لیے جا رہے ہیں۔

ٹیگز: