اپوزیشن جلسے کرے یا دھرنے دیں انہیں این آر او نہیں دیا جائے گا، وزیراعظم

اپوزیشن جلسے کرے یا دھرنے دیں انہیں این آر او نہیں دیا جائے گا، وزیراعظم
کیپشن: کچھ بھی ہو جائے اپوزیشن سے مفاہمت نہیں ہو گی، وزیراعظم عمران خان۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کچھ بھی ہوجائے اپوزیشن سے مفاہمت نہیں ہو گی۔ وزیراعظم عمران خان سے سینیٹر فیصل جاوید اور ذیشان خانزادہ نے ملاقات کیڈ اس ملاقات میں فلم اورڈرامہ انڈسٹری کے بحالی کیلئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقعے پر اسلامی تاریخ پر مبنی فیچر فلمز اور ڈرامے مقامی سطح پر بنانے پر غور کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے نوجوانوں کی مثبت اور تعمیراتی سرگرمیاں بڑھانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ نوجوان تعمیری سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیںڈ رواں ہفتے ٹائیگر فورس کے کنونشن میں نوجوانواں سے خطاب کریں گے۔

سینیٹر فیصل جاوید اور ذیشان خانزادہ سے ملاقات کے دوران ملاقات میں سیاسی معاملات اور اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے اقتدار سنبھالنے کے پہلے دن ہی کہا تھا کہ لوٹ مار کرنے والے اکٹھے ہو جائیں گے۔ کچھ بھی ہو جائے اپوزیشن سے مفاہمت نہیں ہو گی۔ یہ جلسے کریں یا دھرنے دیں انہیں این آر او نہیں دیا جائے گا۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر پر غیر قانونی طور پر قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بلا خوف بےنقاب کرتا رہےگا۔ وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے لیے پاکستان کے مزید 3 برس کے لیے انتخاب پر نہایت شاد ہوں۔

عمران خان نے لکھا کہ اس بڑی سفارتی کامیابی پر میں دفترِ خارجہ اور بیرونِ ملک موجود پاکستان کے سفارتی مشنز کے کردار کو سراہتا ہوں جن کی کاوشوں سے عالمی افق پر پاکستان کی حیثیت اور ساکھ میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے لکھا کہ برداشت کے فروغ اور تعمیری سرگرمیوں کو اپنی ترجیحات کا حصہ بناتے ہوئے ہم سب کے لیے انسانی حقوق کے تحفظ کا عزم کیے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلاموفوبیا کے خلاف احترامِ باہمی کی حمایت میں بھی ہمارا مؤقف غیر متزلزل ہے۔ پاکستان اتفاقِ رائے کے حوالے سے اپنی کاوشیں جاری رکھےگا اور یقینی بنائے گا کہ کونسل کے کام کی بنیاد عالمگیریت، غیرجانبداریت، گفت و شنید اور تعاون کے اصولوں پر استوار ہو۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کشمیر پر غیر قانونی طور پر قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بلاخوفِ احتساب خلاف ورزیاں بھی بے نقاب کرتا رہے گا۔