اسرائیل کے حماس پر حملے جاری، شہید فلسطینیوں کی تعداد 2 ہزار کے قریب پہنچ گئی

اسرائیل کے حماس پر حملے جاری، شہید فلسطینیوں کی تعداد 2 ہزار کے قریب پہنچ گئی
سورس: File

غزہ:  اسرائیل کے غزہ پر  حملے جاری ہیں،   حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 2 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔

اسرائیلی فوج فلسطینیوں کی نسل کشی پراُترآئی، غزہ سے نقل مکانی کرنیوالے تین قافلوں پر اسرائیلی طیاروں کے حملوں میں مزید 70 فلسطینی شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہوگئے۔

مغربی کنارے میں غزہ کے شہریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کیے گئے مظاہرے پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 16 فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ غزہ پر بھی ٹینکوں سے چڑھائی کردی گئی، غزہ میں اسرائیلی بمباری کے بعد یرغمال اسرائیلیوں کی بھی لاشیں ملنے لگیں۔

 
 یہودی آباد کار بھی فوج کی موجودگی میں نہتے فلسطینیوں کو گولیاں مارنے لگے۔ عرب ٹی وی کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے چارفلسطینیوں کو جنگجو کہہ کر گولی ماری گئی تھی، وہ غیرمسلح تھے۔

لبنانی سرحد پر بھی اسرائیلی فوج کی گولہ باری اورفائرنگ سے ایک صحافی جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔

لبنان پر اسرائیلی حملے کے جواب میں لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیلی فوج کے 4 ٹھکانوں پر فائرنگ کردی، حماس کے حملوں میں 1300 اسرائیلی ہلاک ہوچکے۔

خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کے شہریوں کو 24 گھنٹے میں غزہ خالی کرنے کے الٹیمیٹم کے بعد سعودی عرب نے اسرائیل کی جانب سے سویلین آبادی کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے غزہ سے فلسطینیوں کے جبری انخلا کو مسترد کردیا۔

سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان نے برطانوی ہم منصب اور یورپی یونین کے اعلیٰ عہدے دار کو فون کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی پابندی کرے، غزہ کی ناکہ بندی ختم اور امدادی اشیا کی ترسیل کی اجازت دی جائے۔

اقوام متحدہ نے بھی اسرائیل کی جانب سے غزہ کے شہریوں کو 24 گھنٹے میں شہر خالی کرنے کی دھمکی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ 24 گھنٹوں میں لاکھوں لوگوں کی نقل مکانی سے ایک نیا انسانی بحران جنم لے سکتا ہے۔

دوسری جانب اسرائیل کے غزہ خالی کرنے کی دھمکی پر حماس نے غزہ نہ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ غزہ کے فلسطینی 1948 کی طرح دوبارہ مہاجرین نہیں بنیں گے، غزہ کے شہریوں کا حوصلہ توڑنے کی کوشش ہو رہی ہے۔

مصنف کے بارے میں