Get Alerts

سندھ کا مقابلہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک سے ہے:بلاول بھٹو

سندھ کا مقابلہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک سے ہے:بلاول بھٹو

کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ کا مقابلہ کسی شہر یا صوبے سے نہیں بلکہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک سے ہے۔ یہ بات انہوں نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کتاب لکھنے والے تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں اور انہوں نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو بھی کتابیں لکھنے کی تلقین کی۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی نے پاکستان کے آئین کی کتاب میں بھی کردار ادا کیا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کی تعریف کی اور کہا کہ خیرپور میں قائم کیا گیا سپیشل اکانومک زون عالمی معیار کا ہے، جسے فنانشل ٹائم نے بہترین قرار دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پیپلزپارٹی نے سب سے پہلے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کا تصور پیش کیا تھا، جسے شہید بینظیر بھٹو نے 1993 میں پارٹی منشور میں شامل کیا تھا۔ بلاول بھٹو کے مطابق دنیا کے معروف میگزین نے اس ماڈل کو بھی عالمی سطح پر سراہا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ کا مقابلہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک سے ہے اور پورے ملک کو متحد ہو کر عالمی سطح پر مقابلہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان کا نام روشن ہوتا ہے تو ہمیں فخر کرنا چاہیے۔

انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی بھی تعریف کی اور کہا کہ یہ پروگرام عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے۔ بلاول بھٹو نے بتایا کہ مختلف ممالک کے وزرا بھی پاکستان کے اس پروگرام کی کاپی کر رہے ہیں، جو غریب ترین طبقات کی مدد کا بہترین ذریعہ ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کرونا اور 2022 کے سیلاب کے دوران اس پروگرام کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے فوری طور پر سیلاب زدگان کی مدد کے لیے اس پروگرام کو مالی امداد فراہم کی۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے درمیان سخت بیانات کا تبادلہ ہوا، تاہم دونوں جماعتوں کی اعلیٰ قیادت کی ملاقاتوں کے بعد کشیدگی کم ہو گئی ہے۔

ٹیگز: