کراچی:پاکستان کی معروف اداکارہ اور سپر اسٹار ماہرہ خان نے طویل عرصے بعد ٹی وی سکرین پر واپسی کا عندیہ دے دیا، جس سے ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ماہرہ خان ان دنوں امریکی شہر ہیوسٹن میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے اپنی آنے والی فلم "نیلوفر" کے شاندار ٹیزر کی رونمائی کی۔ اس موقع پر ماہرہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر مداحوں کے ساتھ سوال و جواب کا خصوصی سیشن بھی کیا۔
اس سیشن میں جب ایک مداح نے ماہرہ خان سے ٹی وی ڈراموں میں دوبارہ کام کرنے کے حوالے سے سوال کیا تو انہوں نے جواب دیا:"مجھے پتا ہے، مجھے آنا چاہیے، میں کسی ایسے کردار کا انتظار کر رہی ہوں جو اب تک نہیں کیا۔"
ماہرہ کے اس مختصر مگر معنی خیز جواب نے واضح کر دیا کہ وہ اس وقت کسی منفرد اور چیلنجنگ کردار کی تلاش میں ہیں، اور جیسے ہی انہیں ایسا اسکرپٹ پیش کیا گیا، وہ ٹی وی پر واپسی کریں گی۔سوال و جواب کے دوران ایک اور مداح نے پوچھا کہ کیا فلم "نیلوفر" ان کے کیریئر کا سب سے مشکل کردار ہے؟ اس پر ماہرہ خان نے جذباتی انداز میں جواب دیا"نہیں، لیکن سب سے پاکیزہ، سب سے میٹھا، ریحانہ اس دنیا کی نہیں ہے۔ ریحانہ، تم یاد آتی ہو۔"
واضح رہے کہ فلم "نیلوفر" میں ماہرہ خان ایک نابینا خاتون کا کردار نبھا رہی ہیں، جسے وہ اپنے کیریئر کا ایک خاص اور جذباتی کردار قرار دیتی ہیں۔
فلم میں ان کے مدمقابل فواد خان ایک بار پھر جلوہ گر ہوں گے۔ فلم کی ہدایت کاری اور تحریر عمار رسول نے کی ہے، جبکہ پروڈکشن کی ذمہ داری یوسف شارق نے نبھائی ہے۔
دیگر نمایاں اداکاروں میں مدیحہ امام، ثروت گیلانی، بہروز سبزواری، عتیقہ اوڈھو، گوہر رشید اور فیصل قریشی شامل ہیں۔
فلم "نیلوفر" 28 نومبر 2025 کو دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، اور شائقین اس کے ریلیز کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔