وزیر اعظم ہاؤس سے سائفر گمشدگی کے ذمہ دار اعظم خان ہیں،عمران خان بے قصور ہیں: وکیل  چیئرمین پی ٹی آئی، دلائل مکمل

وزیر اعظم ہاؤس سے سائفر گمشدگی کے ذمہ دار اعظم خان ہیں،عمران خان بے قصور ہیں: وکیل  چیئرمین پی ٹی آئی، دلائل مکمل

 اسلام آباد : سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی  ۔چیئرمین پی  ٹی آئی کے وکیل کے دلائل مکمل ہوگئے ہیں۔ وکیل عمران خان نے سائفر گمشدگی کا ملبہ پرنسپل سیکرٹری اعظم خان پر ڈال دیا۔   خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود  قریشی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

 دوران سماعت جج ابوالحسنات ذوالقرنین  نے  ریمارکس دیئے کہ وزارتِ خارجہ سائفر کی وصولی کرتاہے، سائفر آیا اور کہاں گیا؟ ۔سائفر کی 4 نقول آتی ہیں ۔وزیراعظم، ڈی جی آئی ایس آئی، آرمی چیف اوروزارت خارجہ کوعلیحدہ علیحدہ کاپیاں جاتی ہیں۔

 جج نے استفسار کیا کہ سائفر وزارت خارجہ سے وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری کے پاس گیا سننے میں آرہا ہے وہ ڈاکومنٹ گم ہو گیا اب وہ ڈاکومنٹ کہاں گیا ؟ وکیل شعیب شاہین نے جواب دیا کہ ڈاکومنٹ وزارت خارجہ میں ہے۔

جج نے ریمارکس دیے کہ وزارت خارجہ کی الگ کاپی ہے آرمی چیف ، ڈی جی آئی ایس آئی کے پاس الگ کاپی جاتی ہے اور وزیراعظم ہاؤس کی الگ کاپی ہوتی ہے آپ یہ بتائیں وزیراعظم ہاؤس والی کاپی کہاں گئی ؟ وکیل عمران خان نے کہا کہ  ڈاکومنٹس سنبھالنے کی ذمہ داری وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری کی ہوتی ہے۔

جج ابو الحسنات نے ریمارکس دیے کہ میرے اسٹاف کے پاس بھی کوئی ڈاکومنٹ آتا ہے تو مجھے دیکھنا تو ہوتا ہے پتا بھی ہوتا ہے۔ وکیل شعیب شاہین نے جواب دیا کہ  اگر ڈاکومنٹ آپ کے اسٹاف سے کہیں گم ہو جاتا ہے تو اسٹاف سے ڈاکومنٹ کا پوچھا جانا ہے وزیراعظم کے پاس تو روزانہ آئی بی آئی ایس آئی آئی کی رپورٹس آتی ہیں ۔روزانہ بڑی تعداد میں فائلیں آتی ہیں جو بھی ڈاکومنٹ ہے اس کی ذمہ داری وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری کی ہے وزیراعظم آفس میں آنے والی دستاویزات سنبھالنا وزیراعظم کا کام نہیں پرنسپل سیکرٹری کا کام ہے۔