Get Alerts

میٹا نے کمیونٹی نوٹس فیچر میں نئی خصوصیات متعارف کروا دیں

میٹا نے کمیونٹی نوٹس فیچر میں نئی خصوصیات متعارف کروا دیں

کیلیفورنیا : انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے اپنے کراؤڈ سورسڈ فیکٹ چیکنگ پروگرام "کمیونٹی نوٹس" میں چند نئی خصوصیات شامل کر دی ہیں۔ یہ فیچر اس سال کے آغاز میں امریکا میں شروع کیا گیا تھا اور اب اسے مزید بہتر بنا دیا گیا ہے۔

اب صارفین فیس بک، انسٹاگرام اور تھریڈز پر اپنی پوسٹ پر کمیونٹی نوٹس کا نوٹی فکیشن حاصل کر سکیں گے۔ ساتھ ہی وہ یہ بھی بتا سکیں گے کہ پوسٹ پر لگا نوٹس مددگار ہے یا نہیں۔ یہ فیچر ابھی محدود صارفین کے لیے آزمایشی بنیادوں پر دستیاب ہے۔

میٹا کے چیف انفارمیشن سیکیورٹی افسر کے مطابق اب تک 70 ہزار کنٹری بیوٹرز نے 15 ہزار نوٹس لکھے، لیکن صرف 6 فیصد نوٹس شائع ہوئے ہیں، جو امریکا جیسی بڑی مارکیٹ کے لیے کم ہے۔

یہ نظام فیس بک پر ایکس (پہلے ٹویٹر) کے 2021 میں متعارف کردہ نوٹس سسٹم سے ملتا جلتا ہے، لیکن ایکس کے سسٹم پر تنقید بھی ہوئی ہے کہ وہ بروقت اور بڑے پیمانے پر غلط معلومات کو روکنے میں ناکام رہتا ہے۔

فیس بک کا یہ نظام اس وقت کام کرتا ہے جب مختلف نظریات رکھنے والے صارفین کسی بات پر اتفاق کر لیتے ہیں، لیکن ناقدین کہتے ہیں کہ ایسا اتفاق ہمیشہ آسان نہیں ہوتا اور غلط معلومات اکثر صحیح معلومات سے پہلے ہی پھیل جاتی ہے۔

میٹا نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے پرانے فیکٹ چیکنگ پروگرام کو ختم کر رہا ہے اور کمیونٹی نوٹس کو اس کی جگہ لے رہا ہے، تاہم کئی ادارے چاہتے ہیں کہ یہ فیکٹ چیکنگ پروگرام دوبارہ شروع کیا جائے۔

ٹیگز: