لاہور: جنوبی افریقہ ویمنز کے خلاف سیریز کی تیاریوں میں مصروف قومی ویمنز کرکٹ ٹیم نے روایتی حریف بھارت کے خلاف اہم میچ سے قبل مردوں کی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد وسیم نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کا مقابلہ ایک بڑا میچ ہے، جس کا سب کو بے چینی سے انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ سہ فریقی سیریز میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے اور امید ہے کہ بھارت کے خلاف بھی ٹیم بہترین کھیل پیش کرے گی۔
قومی ویمنز ٹیم کی آل راؤنڈر عالیہ ریاض نے کہا کہ "ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں مردوں کی ٹیم کے ساتھ ہیں، وہ اچھا کھیلیں اور ملک کا نام روشن کریں۔"اوپنر ایمان فاطمہ اور کھلاڑی نتالیہ پرویز نے بھی ٹیم کیلئے اپنی بھرپور حمایت کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اس اہم میچ کیلئے قومی ٹیم کی کامیابی کی دعاگو ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان روایتی حریفوں کا ٹاکرا ہمیشہ ہی دنیا بھر کے شائقین کی توجہ کا مرکز بنتا ہے، اور اس بار بھی دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔