اسلام آباد: بحریہ ٹاؤن منی لانڈرنگ کیسز (مقدمہ نمبر 58/25 اور 59/25) کی سماعت میں عدالت نے سخت ریمارکس دیتے ہوئے ملک ریاض اور ان کے بیٹے علی ریاض کو حکم دیا ہے کہ وہ 13 اکتوبر 2025 تک عدالت میں پیش ہوں، بصورت دیگر انہیں اشتہاری قرار دیا جائے گا۔
مقدمہ نمبر 58/25 میں عطا الحسن اور سجاد حیدر جبکہ مقدمہ نمبر 59/25 میں عطا الحسن اور محمد عمران پیش ہوئے اور نقول فراہم کر دی گئیں۔ تاہم ملزم خلیل الرحمن دونوں مقدمات میں غیر حاضر رہا، جس پر عدالت نے اس کی بیماری کی بنیاد پر حاضری معافی کی درخواست کو تاخیری حربہ قرار دے کر مسترد کر دیا۔ عدالت نے واضح کیا کہ خلیل الرحمن کو نقول صرف اسی وقت ملیں گی جب وہ ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہوگا۔
عدالت نے مزید ہدایت دی کہ آئندہ سماعت پر گواہ ہر صورت پیش کیے جائیں ورنہ سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ سماعتیں اب مقدمہ 58/25 میں 15 ستمبر اور مقدمہ 59/25 میں 17 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی ہیں۔