دبئی : ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کا سب سے بڑا اور سنسنی خیز مقابلہ آج دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ میچ گروپ "اے" کے تحت ہوگا اور دونوں ٹیموں کے درمیان تاریخی روایتی حریفانہ مقابلہ شائقین کی بھرپور توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم مینجمنٹ نے بھارت کے خلاف اسی الیون کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس نے گزشتہ میچ میں عمان کو 93 رنز سے شکست دی تھی۔ تاہم، اسٹیڈیم کی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے فاسٹ بولر حارث رؤف کو ٹیم میں شامل کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے، لیکن ان کی شمولیت کے امکانات کم بتائے جا رہے ہیں۔
پاکستان کی ممکنہ پلیئنگ الیون:
صاحبزادہ فرحان
صائم ایوب
محمد حارث (وکٹ کیپر)
فخر زمان
سلمان علی آغا (کپتان)
حسن نواز
فہیم اشرف
محمد نواز
شاہین شاہ آفریدی
سفیان مقیم
ابرار احمد
ذرائع کے مطابق، ٹیم مینجمنٹ کا ماننا ہے کہ یہی کمبی نیشن بھارت جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف بہتر کارکردگی دکھا سکتا ہے۔ کپتان سلمان علی آغا کے مطابق ٹیم کا مورال بلند ہے اور کھلاڑی بڑا میچ کھیلنے کے لیے مکمل تیار ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ہر میچ ہمیشہ ہی غیر معمولی دلچسپی کا باعث بنتا ہے۔ آج کے میچ کے لیے دبئی اسٹیڈیم مکمل طور پر بھرنے کی توقع ہے جبکہ دنیا بھر کے کروڑوں شائقین اس مقابلے کو براہِ راست دیکھنے کے منتظر ہیں۔