اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے فیول سبسڈی سکیم کے حوالے سے بھرپور میڈیا آگاہی مہم چلانے اور سبسڈی ریلیف کے لیے رجسٹریشن کی ایس ایم ایس سروس مفت کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پی ایم سپیشل ریلیف سکیم کی پیشرفت کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں فیول سبسڈی سکیم سمیت عوام کو ریلیف کی فراہمی سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سکیم کے ثمرات مستحقین تک پہنچانے کے لیے تمام دستیاب ذرائع بروئے کار لائے جائیں اور عوام کو رجسٹریشن سمیت دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے۔
شہباز شریف نے ملک بھر میں عوامی نمائندوں اور رضاکاروں کو عوامی رہنمائی کے لیے متحرک کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد سمیت انتظامیہ کو فیلڈ میں موجود رہ کر شہریوں کی رہنمائی یقینی بنانے کا حکم دیا۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اسلام آباد میں فیول سبسڈی سکیم14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب شروع کی جائے گی، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں شہری16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب سے ریلیف حاصل کرسکیں گے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ فیول سبسڈی اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل آسان رکھا گیا ہے اور اس کے لیے صرف بنیادی معلومات درکار ہوں گی۔ رجسٹریشن کے دوران مالک کا شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا رجسٹریشن نمبر، گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ اور صوبے سے متعلق معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو اسکیم سے متعلق مکمل اور بروقت معلومات فراہم کی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس ریلیف سے فائدہ اٹھا سکیں۔