فرانس کی اپنے شہریوں کو پاکستان چھوڑنے کی ہدایت

فرانس کی اپنے شہریوں کو پاکستان چھوڑنے کی ہدایت

اسلام آباد: پاکستان میں  فرانس کے سفارتخانے نے پاکستان میں مقیم اپنے شہریوں کو ملک چھوڑنے کی ہدایت کردی ہے۔ فیصلہ پاکستان میں حالیہ فرانس مخالف بڑے پرتشدد مظاہروں کے تناظر میں کیا گیا۔

سفارتخانے کے ایک ترجمان نے برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے  اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس وقت پاکستان میں مقیم فرانسیسی شہریوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ ملک میں جاری صورتحال کے پیش نظر ان کو خطرہ ہو سکتا ہے۔ اے ایف پی کا کہنا ہے کہ سفارتخانے نے اپنے شہریوں کو ’سنگین خطرات‘ کی بنا پر ملک چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔

یاد رہے کہ رواں ہفتے مختلف شہروں میں مذہبی تنظیم تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے فرانس مخالف مظاہروں میں دو پولیس اہلکاروں سمیت پانچ افراد جاں بحق اور تین سو سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔مظاہرین نے بڑے پیمانے پر املاک کو نقصان بھی پہنچایا اور تقریباً دو دن تک مختلف شہروں کی بڑی شاہراہیں اور قومی شاہرہ بند کر کے رکھی۔

دوسری طرف وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی منظوری دے دی ہے۔ کابینہ نے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت پابندی کی سرکولیشن سمری کے ذریعے منظوری دی جس کی سفارش پنجاب حکومت نے کی تھی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نےنیوز کانفرنس میں گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ تحریک لبیک پر پابندی لگانے جا رہے ہیں۔گروہوں کو حکومت کو بلیک میل کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے۔