واشنگٹن : وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی جانب سے غیر معمولی مالی معاونت کا اعلان کیا ہے۔ سعودی عرب نے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کو سہارا دینے کے لیے مزید 3 ارب ڈالر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو آئندہ ہفتے پاکستان کو موصول ہو جائیں گے۔
وزیرِ خزانہ نے سعودی تعاون کے دو اہم ترین نکات بیان کیے۔ 3 ارب ڈالر کے نئے ڈپازٹس کی منظوری دے دی گئی ہے جس سے ملکی مالیاتی پوزیشن مستحکم ہوگی۔ پہلے سے موجود 5 ارب ڈالر کے سعودی ڈپازٹس، جو ہر سال رول اوور کیے جاتے تھے، اب طویل مدت کے لیے بڑھا دیے گئے ہیں۔ اس سے پاکستان پر سے فوری ادائیگیوں کا دباؤ ختم ہو گیا ہے۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے واضح کیا کہ اس معاونت کا مقصد ملکی ذخائر کو 18 ارب ڈالر تک پہنچانا ہے، جو تین ماہ سے زائد کی درآمدات کے لیے کافی ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا پاکستان نے حال ہی میں 1.4 ارب ڈالر کا یورو بانڈ کامیابی سے ادا کیا ہے، جو عالمی سرمایہ کاروں کے لیے مثبت پیغام ہے۔حکومت اب فنڈنگ کے لیے چینی مارکیٹ (پانڈا بانڈ) کا رخ کر رہی ہے تاکہ انحصار کو متنوع بنایا جا سکے۔
وزیرِ خزانہ نے اس کامیابی کا سہرا وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور سعودی قیادت بالخصوص ولی عہد محمد بن سلمان کے سر باندھا۔
وزیرِ خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے ساتھ مذاکرات انتہائی مثبت سمت میں جا رہے ہیں اور عالمی مالیاتی برادری پاکستان کی معاشی اصلاحات پر مکمل اعتماد کا اظہار کر رہی ہے۔