نئی دہلی : بھارت میں مودی سرکار کے خلاف عوامی غصہ لاوا بن کر پھٹ پڑا ہے۔ صنعتی شہر نوئیڈا میں ہزاروں فیکٹری مزدوروں نے تنخواہوں میں اضافے اور معاشی استحصال کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر ہنگامہ آرائی کی، جس کے نتیجے میں متعدد گاڑیوں کو نذرِ آتش کر دیا گیا۔بھارتی جریدے 'ٹائمز آف انڈیا' نے اپنی رپورٹ میں بی جے پی حکومت کی معاشی پالیسیوں کا کچا چٹھا کھول دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مودی حکومت عوام کا بدترین معاشی اور سماجی استحصال کر رہی ہے جس کی وجہ سے ہر طبقہ متاثر ہو رہا ہے۔
ناقص پالیسیوں نے عام شہری کی زندگی اجیرن کر دی ہے اور ملک میں معاشی عدم مساوات انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ مودی سرکار میں "عام آدمی کا گلا گھونٹا جا رہا ہے" اور غریب مزید غریب ہوتا جا رہا ہے۔
سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے نوئیڈا کے پرتشدد واقعات پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے بی جے پی کی ناکامی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا بی جے پی کے حمایتی سرمایہ دار اپنی من مانیاں کر رہے ہیں جبکہ مزدور اپنی محنت کے جائز صلے اور مناسب تنخواہ سے بھی محروم ہیں۔
موجودہ حکومت صرف چند سرمایہ داروں کے مفادات کا تحفظ کر رہی ہے، جس کے نتیجے میں محنت کش طبقہ سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو گیا ہے۔
نوئیڈا میں ہونے والی توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ نے بھارتی حکومت کے سکیورٹی اور معاشی استحکام کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے اپنی پالیسیوں پر نظرثانی نہ کی تو احتجاج کی یہ لہر دیگر صنعتی شہروں تک بھی پھیل سکتی ہے۔