تہران: پاکستان کی عسکری اور سول قیادت کا ایک اہم ترین وفد خطے کی موجودہ صورتحال اور سفارتی مشن کے سلسلے میں ایران پہنچ گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ دورہ عالمی و علاقائی امن کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
تہران پہنچنے پر چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستانی وفد کا استقبال ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کیا۔ اس موقع پر اعلیٰ ایرانی حکام بھی موجود تھے۔ وفد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شامل ہیں، جو سیکیورٹی اور سفارتی امور پر مشاورت کا حصہ ہوں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا یہ دورہ بنیادی طور پر امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے لیے جاری سفارتی ثالثی کی کوششوں کا حصہ ہے۔ پاکستانی وفد ایرانی قیادت سے ایران اور امریکہ کے درمیان تعطل کا شکار مذاکراتی عمل کو دوبارہ شروع کرنے کی تجاویز، خطے میں جاری جنگی صورتحال کو روکنے اور سفارتی حل تلاش کرنے کے لیے پاکستان کا کلیدی کرداراور دیگر امور گفتگو کرے گا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق، پاکستان خطے میں ایک پل کا کردار ادا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ فیلڈ مارشل کی قیادت میں اس مشن کا مقصد تہران اور واشنگٹن کے درمیان براہِ راست یا بالواسطہ رابطوں کے ذریعے تنازعات کا پائیدار حل نکالنا ہے تاکہ خطے کو کسی بڑی جنگ سے بچایا جا سکے۔