تہران : مشرقِ وسطیٰ اور عالمی سفارت کاری کے میدان سے ایک انتہائی اہم جیو پولیٹیکل پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پاکستان کی مخلصانہ اور فعال ثالثی کے نتیجے میں ایران اور امریکہ کے درمیان ایک بڑا امن معاہدہ طے پانے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔
اس اہم ترین مشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تہران پہنچ چکے ہیں، جہاں وہ اعلیٰ ترین ایرانی قیادت اور مقتدر شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل کی ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سے بھی ایک انتہائی اہم اور غیر معمولی ملاقات متوقع ہے، جس میں خطے کی سیکیورٹی، پائیدار امن کے قیام اور معاہدے کے خدوخال پر تفصیلی اور حتمی بات چیت کی جائے گی۔
اسی سفارتی مشن کے سلسلے میں پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی بھی گزشتہ دو روز سے تہران میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق، وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام سے مسلسل ملاقاتیں جاری ہیں، جس کا مقصد دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانا اور جاری امن عمل کو آگے بڑھانا ہے۔
سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اس جاندار ثالثی اور اعلیٰ سطح کے دوروں کے بعد متوقع معاہدہ نہ صرف ایران امریکہ کشیدگی کو کم کرے گا بلکہ عالمی و علاقائی امن و استحکام کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہوگا۔