Get Alerts

وزیراعظم شہباز شریف سے چینی کمپنی "چیلنج فیشن" کے وفد کی ملاقات، پاک چین صنعتی تعاون پر زور

وزیراعظم شہباز شریف سے چینی کمپنی

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف سے معروف چینی گارمنٹس کمپنی "چیلنج فیشن پرائیویٹ لمیٹڈ" کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں پاک چین اقتصادی تعاون اور صنعتی شعبے میں شراکت داری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی دنیا میں منفرد مقام رکھتی ہے اور دونوں ممالک ہر آزمائش میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پاک چین تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پرعزم ہے۔

شہباز شریف نے چینی کمپنی کے پاکستان میں سرمایہ کاری اور اعتماد کو سراہتے ہوئے کہا کہ "چیلنج فیشن گروپ" کی جانب سے پاکستان میں خصوصی اقتصادی زون کا قیام خوش آئند ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ کمپنی کو تمام ضروری سہولیات فوری طور پر فراہم کی جائیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات باعث اطمینان ہیں، اور پاکستان چاہتا ہے کہ چین کی ٹیکسٹائل کے شعبے میں مہارت سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔

انہوں نے اس بات کا اعلان بھی کیا کہ جلد ہی پاک چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ دونوں ممالک کے نجی شعبے کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان چین-پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے صنعتی مرحلے کو تیزی سے فروغ دے گا تاکہ ملکی معیشت کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ 

ٹیگز: