اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر نے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اقتصادی راہداری (سی پیک)، علاقائی سلامتی اور ایران-اسرائیل تنازعہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور شنگھائی تعاون تنظیم کے حالیہ اجلاس کی کامیابی کے لیے دعا کی۔ ملاقات میں سی پیک کے جاری منصوبوں پر تعاون کے عزم کو دہرایا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان اور چین کے اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرے گا بلکہ پورے خطے میں خوشحالی کا باعث بھی بنے گا۔ انہوں نے ملک کی میکرو اکنامک صورتحال میں بہتری پر بھی روشنی ڈالی اور معاشی استحکام کے لیے حکومت کی پختہ وابستگی کا اعادہ کیا۔
چینی سفیر نے پاکستان کے سفارتی پلیٹ فارمز پر مثبت کردار کی تعریف کی اور پاک چین تعاون کے مختلف شعبوں میں مزید وسعت کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔