Get Alerts

منی پور میں پھر کشیدگی، مسلح افراد کا ناگا گاؤں پر حملہ

منی پور میں پھر کشیدگی، مسلح افراد کا ناگا گاؤں پر حملہ

امپھال: بھارتی ریاست منی پور کے ضلع کانگ پوکپی میں تازہ پرتشدد واقعے کے دوران مسلح افراد نے ٹوپکا لیانگمائی ناگا گاؤں میں فائرنگ کے بعد کم از کم 9 مکانات کو آگ لگا دی۔ بھارتی جریدے دکن کرونیکل کے مطابق واقعہ منگل کی شب پیش آیا، تاہم ابتدائی اطلاعات میں کسی جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

حکام کے مطابق حملہ آوروں نے پہلے گاؤں میں متعدد فائر کیے اور بعد ازاں زیادہ تر کچے مکانات کو نذرِ آتش کردیا۔ قریبی دیہات کے رہائشی آگ بجھانے کے لیے موقع پر پہنچے، جبکہ مزید کشیدگی کی روک تھام کے لیے علاقے میں اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کردیئے گئے۔

لیانگمائی ناگا کونسل نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حملے میں دوسرے گروہ کے مسلح افراد ملوث تھے۔ تنظیم نے ذمہ داروں کی فوری گرفتاری، شفاف تحقیقات اور متاثرہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاہم سیکیورٹی حکام نے حملہ آوروں کی شناخت یا واقعے کی ذمہ داری کی حتمی تصدیق نہیں کی۔

تازہ واقعے کے بعد منی پور کے متاثرہ علاقوں میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ حملہ قریبی ضلع سینی پتی کے ایک گاؤں میں پانچ خالی مکانات جلائے جانے کے ایک روز بعد پیش آیا، جس کے بعد حکام نے حساس علاقوں میں سیکیورٹی بڑھا دی ہے۔

ٹیگز: