Get Alerts

بھارتی فوج پر کاری ضرب: ناگا باغیوں کا بارڈر فینسنگ ٹیم پر بڑا حملہ، متعدد فوجی ہلاک و زخمی

بھارتی فوج پر کاری ضرب: ناگا باغیوں کا بارڈر فینسنگ ٹیم پر بڑا حملہ، متعدد فوجی ہلاک و زخمی

نئی دہلی/چانگلانگ: بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں میں جاری علیحدگی پسند تحریکوں نے مودی سرکار کے لیے نیا محاذ کھول دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، اروناچل پردیش کے ضلع چانگلانگ میں ناگا علیحدگی پسندوں نے 'آسام رائفلز' اور سرحد پر باڑ لگانے والی ٹیم پر گھات لگا کر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں متعدد بھارتی فوجی ہلاک اور زخمی ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق، یہ خونریز واقعہ میانمار بارڈر پر اس وقت پیش آیا جب بھارتی فوج کی زیرِ نگرانی حفاظتی باڑ (Fencing) لگانے کا کام جاری تھا۔ باغیوں نے جدید ہتھیاروں سے فینسنگ ٹیم اور ان کی حفاظت پر مامور آسام رائفلز کے دستوں کو نشانہ بنایا۔ اچانک ہونے والے اس حملے نے بھارتی سیکیورٹی فورسز کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا، جس کے باعث جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
حملے کے فوری بعد ناگا علیحدگی پسند گروپ نے باقاعدہ طور پر اس کارروائی کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ گروپ کا مؤقف ہے کہ وہ اپنی زمین پر بھارتی تسلط اور سرحد بندی کے عمل کو کسی صورت تسلیم نہیں کرتے۔ اس حملے کو بھارتی انٹیلی جنس کی بڑی ناکامی قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ باغیوں نے انتہائی حساس اور محفوظ تصور کیے جانے والے علاقے میں سیکیورٹی حصار کو توڑ کر کارروائی کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، حملے کے بعد بارڈر فینسنگ کا کام فوری طور پر روک دیا گیا ہے اور پورے علاقے میں کرفیو جیسی صورتحال ہے۔ بھارتی فوج نے حملے میں ملوث باغیوں کی تلاش کے لیے جنگلات میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، تاہم اب تک کسی گرفتاری کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

ٹیگز: