Get Alerts

 خواتین ہر شعبے میں اپنی صلاحیتیں منوا رہی ہیں، صنفی تفریق کا تصور ختم کرنا ہوگا:عظمیٰ بخاری

 خواتین ہر شعبے میں اپنی صلاحیتیں منوا رہی ہیں، صنفی تفریق کا تصور ختم کرنا ہوگا:عظمیٰ بخاری

سپیریئر یونیورسٹی کے زیراہتمام ’’آئی ایم اے 2026، انڈسٹری میٹس اکیڈیمیا‘‘ کی دو روزہ نمائش، طلبہ اور اکیڈیمیا کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ایک بہترین اقدام:صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب

لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خواتین آج زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتیں منوا رہی ہیں، ہمیں یہ تصور ختم کرنا ہوگا کہ کوئی کام صرف مرد یا عورت ہی کر سکتی ہے۔

سپیریئر یونیورسٹی کے زیراہتمام ’’آئی ایم اے 2026، انڈسٹری میٹس اکیڈیمیا‘‘ کی دو روزہ نمائش سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سپیریئر یونیورسٹی نے تعلیم کے شعبے میں نئی راہیں متعارف کرائی ہیں۔ طلبہ اور اکیڈیمیا کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ایک بہترین اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ خواتین نے ہر شعبے میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ ایک وقت تھا جب خواتین کے لیے ڈاکٹر یا ٹیچر بننے کے مواقع محدود سمجھے جاتے تھے، تاہم آج خواتین ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کی اپنی ایک الگ اہمیت ہے اور طلبہ کو اس شعبے میں بہترین وسائل اور مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ آرٹ اینڈ ڈیزائن کے ذریعے عام لباس کو بھی خوبصورت اور منفرد انداز میں پیش کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ہر فرد کو اپنی پسند کے مطابق لباس اور دیگر سہولیات دستیاب ہونی چاہئیں۔ کلنری آرٹس میں کھانے کو خوبصورت انداز میں پیش کیا جاتا ہے جبکہ آرٹ اینڈ ڈیزائن تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں یہ تاثر ختم کرنا ہوگا کہ کوئی کام صرف خاتون یا مرد ہی کر سکتا ہے۔ دنیا کا ہر کام مرد بھی کر سکتا ہے اور عورت بھی اپنی مہارت اور صلاحیت کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کر سکتی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے آرٹ اینڈ ڈیزائن کے شعبے سے وابستہ طلبہ، اساتذہ اور منتظمین کو نمائش کے انعقاد پر مبارکباد بھی پیش کی۔

ٹیگز: