نیویارک: نیویارک کی رہائشی نرس سینڈر النزے عالمی وبا سے بچاؤ کی ویکسین استعمال کرنے والی پہلی امریکی بن گئی ہیں۔ امریکا بھر میں بدھ تک 636 مقامات پر 29لاکھ ویکسین ڈوس پہنچا دیے جائیں گے۔
نرس سینڈر النزے کو نیویارک کے علاقے کوئنز میں لونگ آئی لینڈ میڈیکل سینٹر میں وبا کا انجیکشن لگایا گیا۔ بتایا جا رہا ہے یہ امریکی نرس وبائی مرض سے متاثرہ ایسے مریضوں کی دیکھ بھال پر مامور ہے جن کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ اس تاریخٰ لمحے کو براہ راست ٹیلی وژن پر نشر کیا گیا تھا۔
ادھر دنیا بھر میں وبائی صورتحال پر نظر ڈالی جائے تو سعودی عرب میں مزید 11 اموات سامنے آنے کے بعد مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 59 ہو گئی ہے۔ ترکی میں 229، بھارت میں 353، برطانیہ میں 232، ایران میں 251 اور امریکا میں ایک ہزار 129 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق اموات میں حالیہ اضافے سے ترکی میں مرنے والوں کی تعداد 16 ہزار 646، بھارت میں ایک لاکھ 43 ہزار سے زائد، برطانیہ میں 64 ہزار سے زائد، ایران میں 52 ہزار 447 سے زائد اور امریکا میں 3 لاکھ 7 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔
دنیا بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 2 کروڑ 3 لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔ اب تک 5 کروڑ 11 لاکھ سے زائد مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ دنیا بھر میں 4 لاکھ 41 ہزار 237 نئے کیسز رپورٹ ہونے سے مجموعی تعداد 7 کروڑ 31 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔
عالمی سطح پر عالمی وبا سے اموات کی تعداد 16 لاکھ 26 ہزار ہو گئی ہے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 7 ہزار سے زائد اموات رپورٹ ہوئیں۔
خیال رہے کہ امریکی اور جرمن کمپنیوں کے اشتراک سے بنی عالمی وبا کے تدارک کی ویکسین کو سے سے کارآمد قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کمپنیوں کو دعویٰ ہے کہ ان کی دوا وبا سے 95 فیصد تک بچاؤ کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس سے قبل برطانیہ میں بھی ویکیسن کو عوامی سطح پر لگانے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اس کے بھی اچھے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ادھر چین اور روس بھی اپنی دوا کو مارکیٹ میں لے آئے ہیں اور ان کی افادیت کا بھی دعویٰ سامنے آ رہا ہے۔