سڈنی : سڈنی کے معروف ساحلی علاقے بونڈی میں فائرنگ کے واقعے کے بعد گرفتار ملزم کے حوالے سے پھیلائے جانے والے جھوٹے پروپیگنڈے پر پاکستانی نوجوان نوید اکرم منظر عام پر آ گئے ہیں۔ نوید اکرم، جو سڈنی میں مقیم ہیں، کا تعلق پاکستان کے شہر لاہور سے ہے۔ انہیں مختلف بھارتی، افغان اور اسرائیلی میڈیا چینلز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے بونڈی حملے میں گرفتار دہشت گرد سے جوڑ دیا تھا۔
دوسری جانب، بعض بھارتی نیوز چینلز اور سوشل میڈیا صارفین نے ملزم کی تصاویر کی جگہ نوید اکرم کی تصاویر نشر کر دیں، جس کے بعد نوید اکرم نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کیا اور بونڈی حملے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔
نوید اکرم نے کہا کہ ان کی تصاویر بغیر تصدیق کے چلانے سے ان کی جان کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ انہوں نے میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا صارفین کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ اور جھوٹی معلومات کسی بھی شخص کی زندگی کو خطرے میں ڈال سکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بونڈی حملے میں گرفتار ملزم کی شناخت نوید اکرم کے نام سے سامنے آنے کے بعد ان کی تصاویر غلط طور پر سوشل میڈیا پر نشر کی جا رہی ہیں، جسے وہ مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔
نوید اکرم نے میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ کسی بھی خبر یا تصویر کو نشر کرنے سے پہلے اس کی مکمل تصدیق کی جائے تاکہ بے گناہ افراد کو نقصان نہ پہنچے۔