اسلام آباد : پاکستان نے سوڈان کے شہر کدوگلی میں اقوام متحدہ کے امن اہلکاروں پر ہونے والے حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ سوڈان میں اقوام متحدہ کی عبوری سکیورٹی فورس برائے ابیئی کے تحت خدمات انجام دینے والے بنگلہ دیش کے 6 امن اہلکار جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں، جس پر پاکستان نے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ نے بنگلہ دیش کی حکومت اور عوام سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ پاکستان اس المناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کے اہلِ خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اقوام متحدہ کے امن اہلکار دنیا بھر میں تنازعات کی روک تھام، شہریوں کے تحفظ اور امن کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان ایسے اہلکاروں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے جو امن و استحکام کے لیے اپنی جانیں قربان کرتے ہیں۔
پاکستان نے اس بزدلانہ حملے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں ملوث افراد کی نشاندہی کی جائے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر امن اہلکاروں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کام جاری رکھے گا۔