شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت جاری

شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت جاری

اسلام آباد: شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر احتساب عدالت میں پیش ہو گئے ہیں۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نیب کی جانب سے دائر ریفرنس کی سماعت کررہے اور آج کی سماعت کے دوران استغاثہ کے 4 گواہوں کے بیانات قلمبند ہوں گے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف آج 19ویں مرتبہ عدالت میں پیش ہوئے جب کہ ریفرنس میں نامزد تینوں ملزمان نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ بیگم کلثوم نواز برطانیہ میں زیر علاج ہیں، ان کی طبیعت شدید خراب ہے اور کچھ میڈیکل ٹیسٹ ہونے ہیں جب کہ ڈاکٹرز نے تجویز کیا ہے کہ اس موقع پر مریضہ کے شوہر کا ان کے ساتھ ہونا بہتر ہے۔

ملزمان کی جانب سے درخواست 19 فروری سے دو ہفتوں کے لیے حاضری سے استثنیٰ کے لئے دائر کی گئی ہے اور  عدالت نے اس پر بحث کے لیے نیب کو نوٹس بھی جاری کر رکھا ہے۔

یاد رہے کہ نیب نے گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف مزید 2 ضمنی ریفرنسز دائر کیے،  فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز سے متعلق ضمنی ریفرنسزمیں 8،8 نئے گواہ شامل کیے ہیں اور دونوں ریفرنسز میں نواز شریف سمیت ان کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز بھی ملزم نامزد ہیں۔

اس سے قبل نیب نے 22 جنوری کو نواز شریف سمیت ان کے خاندان کے 5 افراد کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز کے سلسلے میں ایک ضمنی ریفرنس دائر کیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں