سفاری زو کے 12 شیر فروخت کرنے کا فیصلہ

سفاری زو کے 12 شیر فروخت کرنے کا فیصلہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: سفاری زو کے 12 شیر فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور اس مقصد کیلئے ٹینڈر کی درخواستیں بھی طلب کر لی گئی ہیں تاہم ابھی تک ان شیروں کی قیمتوں کا تعین نہیں کیا جا سکا۔ 
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارلحکومت لاہور میں واقع سفاری زو کے 12 شیر فروخت کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ان افریقی شیروں کی عمریں ایک سے 2سال کے درمیان ہیں اور ان میں 2 نر اور 10مادہ شیر شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق وائلڈ لائف حکام کا کہنا ہے کہ شیروں کو فروخت کرنے کا فیصلہ ان کی تعداد میں اضافے کے باعث کیا گیا ہے جبکہ صوبائی محکمہ جنگلی حیات نے شیروں کی فروخت کیلئے ٹینڈر کی درخواستیں بھی طلب کر لی ہیں۔ 
واضح رہے وائلڈ لائف پنجاب نے وسائل کی عدم دستیابی کے باعث افریقی شیروں کے سات جوڑے سستے داموں فروخت کر دئیے تھے۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ لاہور سفاری زو میں 14 شیر 21 لاکھ میں فروخت کئے گئے اور یوں ایک شیرکی قیمت صرف ڈیڑھ لاکھ روپے وصول کی گئی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ سفاری پارک میں4شیروں کو ڈیڑھ ،ڈیڑھ لاکھ روپے میں فروخت کیا گیا لیکن اوپن مارکیٹ میں ایک شیر کی قیمت35سے40لاکھ روپے ہے جبکہ اس سے قبل لاہور سفاری زو میں شیروں کا جوڑا تین لاکھ میں فروخت کیا گیا تھا۔

مصنف کے بارے میں