کولمبو: آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے 27 ویں میچ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنا کر حریف ٹیم کو 176 رنز کا بڑا ہدف دے دیا ہے۔
بھارتی اننگز کا آغاز سنسنی خیز رہا جب پہلے ہی اوور میں اوپنر ابھیشیک شرما بغیر کوئی رن بنائے سلمان علی آغا کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ تاہم، اس ابتدائی نقصان کے بعد ایشان کشن اور تلک ورما نے پاکستانی گیند بازوں کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 87 رنز کی قیمتی شراکت قائم ہوئی جس نے بھارتی پوزیشن مستحکم کر دی۔
ایشان کشن: 40 گیندوں پر 77 رنز (10 چوکے اور 3 چھکے)، تلک ورما: 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سوریا کمار یادیو: 32 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے نوجوان کھلاڑی صائم ایوب سب سے کامیاب باؤلر ثابت ہوئے۔ انہوں نے میچ کے اہم موڑ پر بھارت کی پیش قدمی روکی اور بیک وقت دو گیندوں پر دو وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے پہلے تلک ورما کو پویلین بھیجا اور اگلی ہی گیند پر سٹار آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو صفر پر آؤٹ کر کے بھارت کو مشکل میں ڈال دیا۔،صائم ایوب تین وکٹیں،سلمان علی آغا 1 وکٹ،شاہین شاہ آفریدی 1 وکٹ،عثمان طارق1 وکٹ حاصل کرپائے۔