ایمرجنگ ایشیا کپ فائنل : پاکستان نے بھارت کیخلاف رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا، طیب طاہر کی دھواں دھار اننگز ، بھارتی باؤلرز کا بھرکس نکال دیا

ایمرجنگ ایشیا کپ فائنل : پاکستان نے بھارت کیخلاف رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا، طیب طاہر کی دھواں دھار اننگز ، بھارتی باؤلرز کا بھرکس نکال دیا
سورس: File

کولمبو: ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان شاہینز نے بھارت اے ٹیم کے خلاف شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا ہے۔ طیب طاہر نے 71 گیندوں پر 108 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ بھارت کو فتح کیلئے 353 رنز کا ہدف دیا ہے۔ 

کولمبو میں جاری میچ میں بھارت اے نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد پاکستان شاہینز کے صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے اننگز کا آغاز کیا۔ 

دونوں اوپنرز نے سنچری پارٹنر شپ بناتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

صائم ایوب نے 43 گیندوں پر 1 چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے ففٹی اسکور کی جبکہ صاحبزادہ فرحان نے 3 چھکے اور 4 چوکے لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 17.2 اوورز میں 121 رنز پر گری جب صائم ایوب 59 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔طیب طاہر نے شاندار کارکردگی دکھائی اور بھارتی باؤلرز کا بھرکس نکال دیا۔ 12 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے سنچری سکور کی اور پاکستان کا سکور 352 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ 

فائنل میچ میں پاکستان ٹیم میں کپتان محمد حارث، صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، عمیر بن یوسف، طیب طاہر، قاسم اکرم، مبصر خان، محمد وسیم جونیئر، مہران ممتاز، ارشد اقبال اور صفیان مقیم شامل ہیں۔

مصنف کے بارے میں