کولمبو: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سب سے بڑے اور اعصاب شکن مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو 61 رنز کے واضح فرق سے شکست دے دی ہے۔ پاکستان کی بیٹنگ لائن 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 18 اوورز میں محض 114 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کا آغاز غیر معمولی تناؤ کے ساتھ ہوا۔پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ میچ کے آغاز پر دونوں روایتی حریفوں کے کپتانوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملایا، جو حالیہ سفارتی اور کرکٹ تنازعات کے اثرات کو ظاہر کرتا ہے۔
بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے ۔ ابھیشیک شرما کے پہلے ہی اوور میں آؤٹ ہونے کے باوجود ایشان کشن نے 40 گیندوں پر 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔کپتان سوریا کمار یادیو نے 32 اور شیوم دوبے نے 27 رنز بنائے۔صائم ایوب نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین آفریدی، عثمان طارق اور سلمان آغا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
176 رنز کا ہدف پاکستانی بیٹرز کے لیے پہاڑ ثابت ہوا۔ محمد عثمان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی بھارتی بولرز کا مقابلہ نہ کر سکا۔ بابر اعظم (5)، صائم ایوب (6)، کپتان سلمان آغا (4) اور صاحبزادہ فرحان (صفر) پر آؤٹ ہو کر مایوس کر گئے۔محمد عثمان 44 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ شاداب خان نے 14 رنز بنائے۔پوری ٹیم 18ویں اوور میں 114 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔