Get Alerts

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی صدر سے ملاقات، باہمی تعلقات اور دوطرفہ تعاون پر گفتگو

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی صدر سے ملاقات، باہمی تعلقات اور دوطرفہ تعاون پر گفتگو

تہران: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے باہمی تعلقات، دوطرفہ تعاون اور مشترکہ مفادات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران، محسن نقوی نے ایرانی صدر کو اسرائیل کے خلاف جنگ میں عظیم فتح پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی دانشمندانہ قیادت اور حکمت عملی نے اس جنگ میں فیصلہ کن کردار ادا کیا، جو امت مسلمہ کے لیے فخر کا باعث ہے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان نے ایران پر ہونے والے حملے کی ہر فورم پر مذمت کی ہے اور پاکستانی پارلیمنٹ نے سب سے پہلے ایران کے دفاع کے حق کو تسلیم کرتے ہوئے مذمتی قرارداد منظور کی۔

محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ایرانی صدر کو نیک خواہشات اور احترام کا پیغام بھی پہنچایا۔

اس موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات ان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں اور جنگ کے دوران پاکستان کی حمایت کو وہ کبھی نہیں بھول سکتے۔ انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت مسلم ممالک کے درمیان تقسیم اور کمزوری پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، اس لیے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی ضروری ہے تاکہ صہیونی حکومت کے خلاف مضبوط موقف اختیار کیا جا سکے۔

ایرانی صدر نے پاک ایران تعلقات میں مزید بہتری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعمیری مکالمے اور سفارتی تبادلوں کے ذریعے تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی مخلصانہ حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے پاس تعاون کو فروغ دینے کے بے شمار مواقع ہیں۔

ملاقات کے دوران ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی، ایرانی صدر کے معاون خصوصی، پاکستان میں ایران کے سفیر اور ایران میں پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے۔

ٹیگز: