Get Alerts

برطانیہ کا بڑا اقدام: طلباء اور ورک ویزہ ہولڈرز کے لیے ای ویزا سسٹم متعارف

برطانیہ کا بڑا اقدام: طلباء اور ورک ویزہ ہولڈرز کے لیے ای ویزا سسٹم متعارف

اسلام آباد: برطانیہ نے طلباء اور ورک ویزہ ہولڈرز کے لیے امیگریشن کے عمل کو ڈیجیٹل بناتے ہوئے ای ویزا سسٹم کا آغاز کر دیا ہے۔ اب برطانوی ویزے کے لیے پاسپورٹ پر فزیکل سٹکر کی ضرورت نہیں ہو گی، اور ویزا مکمل طور پر آن لائن جاری کیا جائے گا۔

پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ کے مطابق نیا سسٹم آج سے فعال ہو چکا ہے، جس کے ذریعے سٹوڈنٹ، گلوبل ٹیلنٹ، سپورٹس پرسن، سکلڈ ورکر، یوتھ موبیلٹی، ٹیمپریری ورک اور بزنس موبیلٹی ویزہ ہولڈرز کو ای ویزا جاری کیا جائے گا۔

ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ "نیا ای ویزا سسٹم امیگریشن کے عمل کو محفوظ، تیز تر اور آسان بنائے گا، اور درخواست گزار اپنا ویزا آن لائن UKVI اکاؤنٹ کے ذریعے حاصل کر سکیں گے۔"

انہوں نے مزید بتایا کہ اس ڈیجیٹل ویزا کے نفاذ سے ویزا شرائط یا امیگریشن سٹیٹس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ای ویزا سسٹم کے تحت پاسپورٹ ہولڈرز اپنے دستاویزات UKVI اکاؤنٹ سے منسلک کر سکیں گے، جبکہ ویزا کی حیثیت چیک کرنے کے لیے ’ویو اینڈ پروو‘ (View and Prove) سروس متعارف کرائی گئی ہے۔

تاہم جین میریٹ نے وضاحت کی کہ عام وزیٹر ویزہ اور ڈپینڈنٹ ویزوں کے لیے اب بھی فزیکل ویزا سٹکر ضروری ہوگا، اور پہلے سے جاری کردہ فزیکل ویزا رکھنے والے افراد کو کسی نئی کارروائی کی ضرورت نہیں ہے۔

یہ اقدام برطانیہ کی امیگریشن پالیسی میں ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب ایک اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے، جو وقت اور وسائل کی بچت کے ساتھ شفافیت میں بھی اضافہ کرے گا۔

ٹیگز: