لاہور:لاہور ایئرپورٹ پر طیاروں کو پرندوں سے ٹکرانے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر نو برڈ زون میں بڑے پیمانے پر فضائی تحفظ کا آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
وائلڈ لائف رینجرز پنجاب، ادارہ تحفظ ماحولیات، میونسپل کارپوریشن اور ایل ڈبلیو ایم سی کے مشترکہ اقدامات کے تحت لاہور ایئرپورٹ کے اطراف آٹھ کلومیٹر کے دائرے کو نو برڈ زون قرار دیا گیا ہے، جہاں پرندوں کی افزائش اور موجودگی کو سختی سے محدود کیا جا رہا ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف رینجرز پنجاب، سید کامران بخاری کا کہنا ہے کہ نو برڈ زون میں چیلوں کے گھونسلوں کی نشاندہی مکمل کر لی گئی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر دو سے تین گھونسلے تلف کیے جا رہے ہیں۔ بجلی کے کھمبوں اور موبائل ٹاورز پر بنے گھونسلے ریسکیو 1122 کی مدد سے ہٹائے جا رہے ہیں۔
ادارہ تحفظ ماحولیات نے نو برڈ زون کے اندر غیر قانونی جنگلی کبوتر پالنے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ میونسپل کارپوریشن اور ایل ڈبلیو ایم سی نے گوشت فروخت کرنے والے غیر قانونی اڈوں پر کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق لاہور کینال روڈ، سگیاں پل اور راوی پل جیسے حساس علاقوں سے غیر قانونی گوشت فروشوں کو بھی ہٹایا جا چکا ہے تاکہ پرندوں کی تعداد کو کنٹرول کیا جا سکے اور فضائی حادثات کا خطرہ کم کیا جا سکے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پرندوں سے ٹکرانے والے حادثات نہ صرف طیاروں کے لیے خطرناک ہیں بلکہ شہری فضائی سفر کی سلامتی کے لیے بھی بڑا چیلنج ہیں۔ پنجاب حکومت کے اس مؤثر اقدام کو ماحولیاتی تحفظ اور ہوابازی کے عالمی معیارات کے مطابق قرار دیا جا رہا ہے۔