واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے پر دستخط مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ آبنائے ہرمز کھول دی گئی ہے اور اسے جمعے تک مکمل طور پر بحال کر دیا جائے گا۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ معاہدے کے تحت ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کی امید ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران میں اب سمجھدار اور ذہین قیادت موجود ہے، جس نے امن کا راستہ اختیار کرکے دانشمندی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کا سب سے اہم فائدہ عالمی معیشت کو ہوگا، کیونکہ تیل کی قیمتوں میں استحکام آئے گا اور عالمی اسٹاک مارکیٹوں کو تقویت ملے گی۔
امریکی صدر نے بتایا کہ معاہدے پر دستخط کی تقریب میں ان کی شرکت یقینی نہیں، تاہم نائب صدر جے ڈی وینس تقریب میں امریکا کی نمائندگی کریں گے۔ ان کے مطابق ایران معاہدے کا مسودہ جمعے کے بعد جاری کرے گا جبکہ اس کی مکمل تفصیلات مستقبل قریب میں سامنے آ جائیں گی۔
ٹرمپ نے واضح کیا کہ ایران پر عائد پابندیوں میں نرمی کا انحصار تہران کی جانب سے معاہدے کی تمام شرائط پر عمل درآمد سے مشروط ہوگا۔
اس موقع پر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدہ عالمی معیشت کے لیے ایک بڑا اور مثبت قدم ثابت ہوگا، جس سے خطے میں استحکام اور عالمی اقتصادی اعتماد کو فروغ ملے گا۔