اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ اپوزیشن نے لوگوں کو آلو ، پیازاور مہنگائی بھلا دی ہے۔ تحریک عدم اعتماد کے بعد پارٹی مضبوط ہوئی ہے اور پورے پاکستان سے لوگ 27 مارچ کو اسلام آباد آ رہے ہیں ۔
پی ٹی آئی اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اپنے لوگوں کو بتایا کہ اپوزیشن نے مجھ پر احسان کیا اس لیے انہیں برا بھلا نہیں کہوں گا۔ تھری اسٹوجز کی شکلیں دیکھیں تو لوگ ہمارے ساتھ آگئے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمن کی پارٹی ایک دوسرے کو چور کہتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن کو ڈیزل ن لیگ نے کہا تھا ۔ مولانا فضل الرحمن ڈیزل پرمٹ پر پیسے بناتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن، آصف علی زرداری اور شہباز شریف کپتان کی بندوق کی نشست کی زد میں آگئے ہیں۔ نواز شریف اور شہباز شریف نے سیاست میں کوئی محنت نہیں کی انہوں نے رشوت دے کر عہدے حاصل کیے۔ زرداری نے پرچہ دکھایا اور چیئرمین بن گیا۔ فضل الرحمن مذہب کو بیچ رہا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تینوں کرپٹ لوگ کپتان کے ٹریپ میں آگئے ہیں نہ صرف تحریک عدم اعتماد فیل ہوگی بلکہ اپوزیشن کے ہاتھ سے 2023 کے الیکشن بھی گئے ہیں۔ مجھے کوئی اچھا اور آرمی چیف کو برا کہے تو اپنی توہین سمجھوں گا۔