Get Alerts

بھارت کا بیان منافقت پر مبنی، فتنہ الخوارج کی سرپرستی سب پر عیاں ہے: دفترِ خارجہ

بھارت کا بیان منافقت پر مبنی، فتنہ الخوارج کی سرپرستی سب پر عیاں ہے: دفترِ خارجہ

اسلام آباد: پاکستان کے دفترِ خارجہ نے افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف پاکستانی کارروائی پر بھارتی بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے مضحکہ خیز اور شدید منافقت قرار دے دیا ہے۔ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے بھارتی ردعمل پر اپنے سخت بیان میں کہا ہے کہ افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی کارروائی مکمل طور پر جائز، درست اور ملکی سلامتی کے عین مطابق تھی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اس کارروائی پر تنقید بلاجواز ہے اور اس سے بھارت کا دوہرا معیار بے نقاب ہو گیا ہے۔
ترجمان نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بھارت طویل عرصے سے افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے والے دہشت گرد گروہوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  فتنہ الخوارج اور 'فتنہ ہندوستان' جیسے گروہوں کی بھارتی سرپرستی اب کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں بلکہ دنیا کے سامنے عیاں ہو چکی ہے۔
طاہر حسین اندرابی نے مزید کہا کہ افغانستان میں دہشت گرد نیٹ ورکس کی تباہی پر بھارت کی چیخ و پکار اور مایوسی قابلِ فہم ہے، کیونکہ پاکستان کی ان کامیاب کارروائیوں سے بھارت کے مذموم عزائم خاک میں مل رہے ہیں۔دفترِ خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کا حق محفوظ رکھتا ہے اور کسی بھی بیرونی مداخلت یا بے جا تنقید کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔

ٹیگز: