اسلام آباد :بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد گروہ "فتنہ الخوارج" ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا ہے، جہاں حالیہ ویڈیو فوٹیج میں معصوم بچوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، ویڈیو میں شدت پسند عناصر کو معصوم بچوں کو اپنی ڈھال بنا کر سیکیورٹی فورسز پر حملے کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ہتھکنڈے گروہ کی بزدلانہ اور غیر انسانی سوچ کا مظہر ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج ماضی میں بھی معصوم شہریوں، بالخصوص بچوں کو دہشت گردانہ کارروائیوں میں استعمال کرتا رہا ہے، جس کے نتیجے میں کئی بچے جاں بحق اور زخمی ہو چکے ہیں۔
دفاعی ماہرین کے مطابق، معصوم افراد کو بطور ڈھال استعمال کرنا نہ صرف انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ بین الاقوامی قوانین کے بھی منافی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے کا نوٹس لیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کریں۔