میرپور :بنگلہ دیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں پاکستان کو 11 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔ 291 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم آخری گیند پر 279 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ بنگلہ دیشی اوپنر تنزید حسن میچ کے ہیرو ثابت ہوئے جنہوں نے 107 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں توحید ہریدوئے 44 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے، جبکہ لٹن داس نے 41، سیف حسن نے 36 اور کپتان نجم الحسن شانتو نے 27 رنز کا حصہ ڈالا۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ شاہین آفریدی اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم نے بھرپور مزاحمت کی لیکن پوری ٹیم میچ کی آخری گیند پر 279 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔ اس میچ میں پاکستان کی جانب سے دو نئے کھلاڑیوں، غازی غوری اور سعد مسعود نے اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا۔ سعد مسعود کو حارث رؤف اور غازی غوری کو محمد رضوان نے ڈیبیو کیپس دیں۔
کپتان شاہین آفریدی کے مطابق ٹیم کو شمائل حسین اور حسین طلعت کی انجریز کے باعث پلیئنگ الیون میں تبدیلیاں کرنا پڑیں، جو شکست کی ایک بڑی وجہ ثابت ہوئیں۔