لندن : برطانیہ کے وزیر برائے مشرق وسطیٰ ہامیش فالکنر نے غزہ میں جاری انسانی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل سے فوری طور پر اپنی کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
برطانوی پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں انسانی امداد روکنے کا فیصلہ نہ صرف خوفناک ہے بلکہ یہ ایک ظالمانہ اور ناقابلِ دفاع عمل ہے۔
ہامیش فالکنر نے بتایا کہ خوراک اور دیگر امدادی سامان غزہ کی سرحد پر سڑ رہا ہے، لیکن بھوکے اور مجبور لوگ اس تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہے۔ ان کے بقول، کچھ اسرائیلی وزراء امداد روکنے کو ایک "پریشر ٹول" کہہ رہے ہیں، جو کہ انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے اپنے شراکت داروں سے مل کر کوشش کی تاکہ غزہ میں انسانی مصائب کا حل نکالا جا سکے۔ برطانوی وزیر کا کہنا تھا کہ امداد کو کبھی بھی جنگی ہتھیار یا سیاسی دباؤ کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے، اور نہ ہی برطانیہ کسی ایسے نظام کی حمایت کرے گا جس سے شہریوں کی جان کو خطرہ لاحق ہو۔
انہوں نے زور دیا کہ فوری جنگ بندی، یرغمال افراد کی رہائی، اور امداد پر عائد اسرائیلی پابندیوں کا خاتمہ ہی اس وقت بین الاقوامی برادری کی اولین ترجیحات ہونی چاہئیں۔