اسلام آباد : بین الاقوامی جریدے دی ڈپلومیٹ نے اپنی حالیہ رپورٹ میں پاکستان کی بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران حاصل ہونے والی عسکری و سفارتی کامیابیوں کا اعتراف کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے نہ صرف عسکری محاذ پر مؤثر جوابی کارروائی کی، بلکہ عالمی سطح پر سفارتی میدان میں بھی اپنی پوزیشن کو مضبوط بنایا ہے۔
دی ڈپلومیٹ کے مطابق، پاکستان نے دفاعِ وطن کے لیے جس جرأت اور حکمتِ عملی کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ تعریف ہے۔ پاک فضائیہ کی مؤثر کارروائیوں نے بھارتی فضائیہ کو شدید دھچکہ دیا، جب کہ عالمی سطح پر بھارت کو شدید تنقید اور خفت کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ بھارت پلوامہ حملے کے بعد پاکستان کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد فراہم نہ کر سکا، جس کے باعث اس کا بیانیہ عالمی سطح پر کمزور پڑ گیا۔ اس کے برعکس پاکستان نے تحمل، سیاسی دانشمندی اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کے ذریعے دنیا کو اپنا مؤقف موثر انداز میں پیش کیا۔
رپورٹ میں امریکہ سمیت کئی عالمی طاقتوں کی جانب سے پاکستان کے مؤقف کی حمایت اور اس کی اہمیت کو تسلیم کیے جانے کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پاک چین دفاعی اشتراک کو بھارت کے لیے ایک اسٹریٹجک چیلنج قرار دیا گیا ہے، جس سے بھارتی فضائی قوت کو نمایاں نقصان پہنچا۔
دی ڈپلومیٹ کے مطابق، جدید رافیل طیاروں کے باوجود بھارت کو جو عسکری ناکامی ہوئی، وہ اس کے لیے عالمی سطح پر شرمندگی کا باعث بنی۔ پاکستان کی موثر حکمتِ عملی نے بھارتی غرور کو خاک میں ملا دیا اور یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان ہر سطح پر اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔