اسلام آباد: بین الاقوامی مالیاتی جریدے بیرن + نے پاکستان کی حالیہ معاشی کارکردگی کو ’’معاشی معجزہ‘‘ قرار دے کر عالمی توجہ پاکستان کی جانب مبذول کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، سیاسی دباؤ، سرحدی کشیدگی اور مہنگائی جیسے چیلنجز کے باوجود پاکستانی معیشت نے استحکام اور ترقی کی وہ سطح چھو لی ہے جو کئی ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک مثال بن سکتی ہے۔
بیرن کی رپورٹ میں پاکستان کے سٹاک انڈیکس میں تین گنا اضافے، یورو بانڈز کی قدر میں دگنے سے زیادہ بہتری اور افراطِ زر میں نمایاں کمی کو غیر معمولی پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ اگر عالمی سرمایہ کاروں نے فوری توجہ نہ دی تو وہ ایک تاریخی موقع کھو سکتے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت کی باہمی ہم آہنگی کو معیشت کی بحالی کا محرک قرار دیتے ہوئے رپورٹ نے پاکستان کو ابھرتی ہوئی معیشتوں کی فہرست میں ایک نمایاں مقام پر رکھا ہے۔